اے این ایف کی15 مختلف کارروائیاں،.2 2 ٹن منشیات برآمد کرلی

بدھ 18 مئی 2016 16:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) اے این ایف نے راولپنڈی، اٹک، جہلم، لاہور، ملتان، گجرات، کوہاٹ، پشاور ، کراچی اور چاغی میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 15 کارروائیوں کے دوران 2.2 ٹن منشیات برآمد کر لی جس کی قیمت عالمی منڈی میں 2 ارب 50 کروڑ ہے۔ان کارروائیوں کے دوران ضبط شدہ منشیات میں1.443ٹن مارفین، 755کلو گرام چرس، 10 کلو گرام ہیروئن اور 21 کلو گرام افیون شامل ہے۔

ان کارروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 18 ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونیوالی 5گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی میں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 1.443 ٹن مارفین برآمد کر لی۔یہ منشیات کلی زاران ،تحصیل دالبدین ،ضلع چاغی کے پہاڑوں میں واقع ایک غیر آباد مقام پر چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق منشیات کی یہ کھیپ کسی دیگرگروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔اے این ایف راولپنڈی نے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نسان ٹرک کو اٹک میں واقع ریلوے پھاٹک ،کوہاٹ روڈ ،جنڈ کے قریب تحویل میں لیکر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 500 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ٹرک میں موجود 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق، منشیات راولپنڈی منتقل کی جا رہی تھی۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے گوندل بس سٹاپ، جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب سے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے ذاتی قبضے سے 1.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔تیسری کارروائی میں اے این ایف راولپنڈی نے پیرودھائی اڈہ ،راولپنڈی کے قریب واقع شیل پٹرول پمپ سے ایک مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 700 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اٹک شہرمیں واقع شیل پٹرول پمپ کے بالمقابل بس سٹاپ سے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 5 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔پانچویں کارروائی میں اے این ایف راولپنڈی نے ترکی ٹول پلازہ ،جی ٹی روڈ، جہلم کے قریب سے ایک مسافر گاڑی میں سوار 3 منشیات لے جانے والے ملزمان کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف لاہور نے بھٹی چوک، راوی روڈ، لاہور کے قریب سے عرفان علی نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 6 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک اور کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ٹھوکر نیاز بیگ موٹروے انٹرچینج کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لیکر اس میں چھپائی گئی 18 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔

پشاور کے رہائشی 2 ملزمان مختار احمد اور محمد نواز کو موقع پر گرفتار کر لیا۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے گجرات شہر میں مدینہ چوک کے قریب چھاپہ مار کر لاہور کے رہائشی ایک منشیات فروش قاسم عباس کو حراست میں لیکر اس کے سامان میں چھپائی گئی 9.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے شیخوپورہ کی رہائشی صغراں نامی خاتون منشیات فروش کو بھٹی چوک ،راوی روڈ ،لاہور کے قریب سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے ملتان ائیرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے شاہین ایئرلائن کی پرواز نمبر NL-701 سے مدینہ روانہ ہونیوالے خوشاب کے رہائشی محمد اکرام نامی مسافر کو گرفتار کر کے اس کے ٹرالی بیگ سے 1.9کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔اے این ایف پشاور نے نیو ٹول پلازہ ،انڈس ہائی وے ،کوہاٹ کے قریب سے ایک ٹویوٹا کرولا کار کو قبضے میں لیکر اس میں موجود محمد ایاز نامی پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایک مشکوک سوزوکی پک اپ کو میزائل چوک ایبٹ آباد سٹی کے قریب روک کردوران تلاشی اس میں چھپائی گئی 4 کلو گرام چرس برآمد کر لی ۔امداد الٰہی اور خلیل الرحمن نامی 2 ملزمان کو دوران کارروائی گرفتار کر لیا گیا ۔ایک اورکارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے مین موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب سے ایک مسافر وین کی تلاشی کے دوران ایک مقامی خاتون ا سمگلر رضیہ کو گرفتار کر کے اس کے ذاتی قبضہ سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی نے تاج کمپلیکس ، صدر، کراچی کے قریب ایک مشکوک بس کو تحویل میں لے لیا جس کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے 229.2کلوگرام چرس برآمد کر لی اور بس کے ڈرائیور نذیر خان نامی کوہاٹ کے رہائشی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :