Live Updates

عمران خان دھرنا کیس ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا

بدھ 18 مئی 2016 15:08

لاہور۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے دھرنے کیخلاف دائر کیس میں جسٹس خالد محمود خان کے ریٹائر ڈہونے پر جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں نیا تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا ہے، بینچ میں جسٹس محمد انوار الحق اور جسٹس محمد قاسم خان شامل ہیں، کیس کی سماعت فل بینچ اگلے ہفتے سے کرے گا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار معروف قانون دان اے کے ڈوگر نے اپنی دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ سڑک بندکرنے اور عوامی امن خراب کرنے و الوں کو روکا جائے جبکہ آئین کے مطابق منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کے اقدامات یا اعلان غیر آئینی ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقاریر میں مسلسل منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ احتجاج کے ذریعے سڑک بند کرنا عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہے لہذا عدالت کارروائی کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات