(ن) لیگ پر الزام تراشی کوئی نئی بات نہیں ‘ انوشہ رحمن

بدھ 18 مئی 2016 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ پر الزام تراشی کوئی نئی بات نہیں۔ منگل کوایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کرنا تو آسان ہے لیکن اسے ثابت کرنا بہت مشکل ہے اور یہی بات ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر لگنے والے الزامات کو کوئی آج تک ثابت نہیں کر سکا جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ صرف الزامات ہی ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔

وزیر مملکت نے کہاکہ پاناما پیپرز کے الزامات ایک قانونی ایشو ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں تاہم اس کے باوجود انہوں نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اور ایک مثال قائم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کو اس کے گھر کے پی کے 8 میں جا کر شکست دی ہے اور الیکشن جیتا ہے ‘ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم ملک کیلئے کام کر رہے ہیں اور پرعزم ہیں کہ اگلی حکومت بھی ہماری ہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انوشہ رحمان نے کہاکہ کوئی جو بھی کہتا رہے محمد نواز شریف 2018ء تک ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں اور آئندہ انتخابات میں بھی ہم سروخرو ہو کر ہی جائیں گے۔