ناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم نے خود کو اور اپنے خاندان کو ہر قسم کے احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے ‘ خرم دستگیر خان

بدھ 18 مئی 2016 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز کے معاملے پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنے خاندان کو ہر قسم کے احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے۔ منگل کو ا یک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت پر صرف الزامات ہی لگا رہی ہے ‘ اپوزیشن کو ان الزامات کو ثابت بھی کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے لہذا اپوزیش کو بھی چاہیے کہ وہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مسائل پارلیمنٹ جیسے اہم فورم پر ہی حل کرے، سڑکوں پر نکلنے، جلسے جلوس کرنے سے معاملات حل نہیں ہونگے، کرپشن کے خاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر ایک ایسا قانون بنانا ہوگا جس سے صحیح معنوں میں احتساب ہو سکے اور کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے اور اس عمل کیلئے ہم سب کو پارلیمنٹ میں ہی بیٹھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خرم دستگیر خان نے کہا کہ ملک سے پیسہ باہر لے کر جانے کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں اور نہ ہی پاکستان سے کوئی پیسہ باہر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملکی ترقی و خوشحالی کا جو سفر شروع کیا ہے اس سفر میں انکی ٹیم انکے ساتھ شانہ بشانہ ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ بہت جلد ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :