پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے حکومت نے اپوزیشن کو راضی کر لیا

پاناما پیپرز میں جن کے بھی نام آئے ہیں ان تمام کے خلاف بلاامتیاز تحقیقات ہونی چاہئیں ‘ اسحاق ڈار

بدھ 18 مئی 2016 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے حکومت نے اپوزیشن کو راضی کر لیا۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ سپیکر کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اپوزیشن پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم اور تمام معاملات پر گفتگو کرنے کیلئے مان گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے مطالبات کو کھلے دل سے سنے گی کیونکہ حکومت مسائل کے حل کیلئے گفتگو کرنے پر یقین ر کھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما پیپرز کا معاملہ بہتر انداز میں حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، اگر مجوزہ کمیشن وزیراعظم کو طلب کریگا تو وہ اس کے سامنے پیش ہونگے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کاہ کہ پاناما پیپرز میں جن کے بھی نام آئے ہیں ان تمام کے خلاف بلاامتیاز تحقیقات ہونی چاہئیں ‘انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اپوزیشن کی موجودگی میں اپنے خاندان کے اثاثوں کے بارے میں تمام حقائق پیش کئے ‘وزیراعظم تمام قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف سمیت قومی اسمبلی میں تمام سیاسی جماعتوں میں 22ویں آئینی ترمیم پر اتفاق ہے۔