ملک میں ٹینس کے پھیلاؤ اور بہتری کیلئے انٹرنیشنل کوالیفکیشن کے مزید 6 امپائرز اور ریفریز تیار کئے جائیں

بدھ 18 مئی 2016 13:17

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) انٹرنیشنل ٹینس پاکستان میں بحال ہونے کے بعد پاکستان ٹینس فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں ٹینس کے پھیلاؤ اور بہتری کیلئے انٹرنیشنل کوالیفکیشن کے مزید 6 امپائرز اور ریفریز تیار کئے جائیں۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی نے اے پی پی کو بتایاکہ فیڈریشن نے ملک میں باصلاحیت کوچز اور ریفریز کو تلاش کرنے کیلئے سال میں دو مرتبہ کورس منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلا کورس رواں سال اگست میں منعقد ہوگا جبکہ دوسرا کورس رواں سال کے آخر میں ہوگا۔

پہلے تین روزہ کورس میں ملک بھر سے 20 ریفریز اور کوچز کو مدعو کیا ہے۔ انہیں وائٹ بیج کے ریفریز شہزاد اختر علوی اور عارف قریشی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن نے کورس میں شرکت کرنے والے ریفریز اور کوچز کی کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک رکھی گئی ہے۔ انہیں انگلش سے واقفیت لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورس میں کامیاب ہونے والے ریفریز اور کوچز کو آئی ٹی ایف کوالفکیشن ٹریننگ کیلئے بھجوائیں گے۔

کورس میں کامیاب ہونے والے امیدوار پی ٹی ایف یلو بیج امپائرز اور ریفریز کہلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن کورس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو پورے ملک میں نیشنل ٹورنامنٹس میں امپائرز اور ریفریز کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ کیاجا سکے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے امپائرز اور ریفریز کو کورس کرانے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ کیونکہ ہمارے پاس ان کی تعداد بہت کم ہے۔