پاکستان ٹینس فیڈریشن کی اسلام آباد میں رواں سال ایشین ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کیلئے تیاریاں

بدھ 18 مئی 2016 13:16

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اسلام آباد میں رواں سال ایشین ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ اس حوالے سے دو کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ وہ باہر سے آنیوالے وفود کو سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے سکے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی نے بدھ کو اے پی پی کو بتایاکہ ایشین ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کے حوالے سے پی ٹی ایف کے صدر سلیم سیف اللہ خان کی صدارت میں یہاں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ ایشین ٹینس فیڈریشن اجلاس کے حوالے سے مختلف کمییٹیاں تشکیل دی جائیں جس پر فیڈریشن نے عملدرآمد کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دو کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ایشین اجلاس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے اور اس حوالے سے انہوں نے تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن ایک کتاب بھی شائع کریگی جس میں پاکستان ٹینس کے کھلاڑیوں کی تاریخ، فیچرز اور آرٹیکلز شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایشین اجلاس کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹیوں میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ خالد رحمانی نے کہاکہ پاکستان میں پہلی مرتبہ رواں سال نومبر میں ایشین ٹینس فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا۔

اجلاس میں ایشین ٹینس فیڈریشن سے منسلک 43 ممالک شرکت کریں گے۔ پاکستان میں اس اجلاس کی میزبانی گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا میں ہونے والے ایشین ٹینس فیڈریشن کے اجلاس میں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل ایشین ٹینس فیڈریشن کا صدر پاکستان کے دورے پر آیا تھا اور انہوں نے ایشین ٹینس فیڈریشن میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا تھا۔ محمد خالد رحمانی نے کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن کا اجلاس رواں سال نومبر میں اسلام آباد میں ہوگا۔