چوتھے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز 12 سے 22 مئی تک کھیلے جائیں گے

بدھ 18 مئی 2016 13:14

باکو ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) آئندہ برس آذربائیجان میں شیڈول چوتھے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں اسلامک ممالک سے 5 ہزار کے قریب مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ میگا گیمز 12 سے 22 مئی تک کھیلے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان آذربائیجان اولمپک کمیٹی کے ڈائریکٹر کونل نیرل لایوا نے نیشنل اولمپک کمیٹیز آف دی اسلاملک نیشنز کے منعقدہ اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میگا گیمز کے کامیاب اور یادگار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، گیمز میں شریک ایتھلیٹس کے درمیان 20 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1400 ٹیکنیکل آفیشلز اور 8 ہزار کے قریب رضا کار گیمز کے دوران فرائض کی انجام دہی کریں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور میڈیا ایڈوائزر آصف عظیم نے اجلاس میں ملک کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ میگا گیمز میں ایتھلیٹکس، فٹ بال، ریسلنگ، ٹینس، باکسنگ، تائیکوانڈو، سوئمنگ، ایکواٹکس، واٹرپولو، جوڈو، شوٹنگ، جمناسٹک، باسکٹ بال، ہینڈبال، والی بال، کراٹے، زورخانی، ٹیبل ٹینس اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلے ہوں گے۔