بنک الفلاح ڈسٹرکٹ ساؤتھ فٹ بال چمپئن شپ میں مزید 7 اہم میچوں کے فیصلے

بدھ 18 مئی 2016 13:11

کراچی ۔ 18 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ساؤتھ کے زیر اہتمام بنک الفلاح ڈسٹرکٹ ساؤتھ فٹ بال چمپئن شپ میں مزید 7 اہم میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ پہلے میچ میں بغداد سپورٹس نے لائٹ آف بلوچ کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے دی۔ فاتح کلب کے عاطف نے 2 گول سکور کئے جبکہ حریف کلب کا واحد گول شاہ زیب نے کیا۔

دوسرے میچ میں تاج مسلم کلب نے بلوچ محمڈن کو برابری کے بعد پنالٹی ککس پر 5-4 سے زیر کر دیا۔ تیسرے میچ میں موسیٰ لاشاری کلب نے ینگ پنجگور کو 6-0 سے شکست دی۔ کھیل کی خاص بات فاتح ٹیم کے زین العابدین کا عمدہ کھیل تھا جنہوں نے ہیٹ ٹرک کے ساتھ 4 گول سکور کئے جبکہ سعید اور محمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ چوتھے میچ میں کلری سٹار نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت مضبوط حریف سندھ بلوچ کو 2-0 سے مات دے دی۔

(جاری ہے)

فاتح ٹیم کے شاہین اور سرور نے ایک ایک گول سکور کئے۔ پانچویں میچ میں صابر سپورٹس نے افتخار کے گول کی بدولت بلوچ الیون کو 1-0 سے ہرا دیا۔ چھٹے میچ میں ظہور شہید فٹ بال کلب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سابقہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ چمپئن ینگ تغلق کو پنالٹی ککس پر 4-3 سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ساتویں اور آخری میچ میں لیاری کی معروف ٹیم کلری محمڈن نے مضبوط حریف عثمان آباد یونین کو پنالٹی ککس پر شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض انور شاہ، جاوید ابراہیم حبیب، اعظم، سرور، جنید، واجد، پرویز، یوسف اور یوسف فیفا نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :