کوئٹہ، میگا کرپشن کیس میں گریڈ پندرہ کے ملازم کی گرفتاری پر انحصار کئے بغیر کرپشن کنگ پر ہاتھ ڈالا جائے ،سردار یار محمد رند

منگل 17 مئی 2016 22:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے آرگنائزر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیس میں گریڈ پندرہ کے ملازم کی گرفتاری پر انحصار کئے بغیر کرپشن کنگ پر ہاتھ ڈالا جائے ۔کچھی میں ایک ہی سڑک کی مرمت کے لئے چار چا ر بار فنڈز کااجراء کیا گیا عوامی وسائل کو شیرمادر سمجھ کر ہضم کرنے والوں کا بے رحمانہ احتساب کرکے ایک ایک پائی واپس وصول کی جائے ۔

گذشتہ دہائی کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے ساتھ محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں میں ہزاروں جعلی بھرتیاں کی گئیں جن کی تحقیقات ضروری ہے۔پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سردار یار محمد نے کہا کہ بلوچستان میگا کرپشن کیس میں تیز رفتار تحقیقات کرکے بلا امتیاز تمام کرپٹ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ دور حکومت میں جہاں صوبائی حکومت کو بے پناہ وسائل ملے وہاں ریکارڈ کرپشن بھی ہوئی۔

اس لئے گریڈ پندرہ کے ملازم سلیم شاہ کی گرفتاری پر تمام تر انحصار کرنے کے بجائے تفتیشی عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے اس کرپشن کنگ پر ہاتھ ڈالا جائے جس کی چھتری تلے ایک ماتحت ملازم کو اربوں روپے کی کرپشن کرنے کے مواقع حاصل ہوئے۔ سابقہ دور میں نہ صرف ترقیاتی منصوبوں میں گھپلے ہوئے بلکہ بلوچستان بھر میں ہزاروں اور کچھی میں سینکڑوں جعلی بھرتیاں بھی کی گئیں اور اس متعلق علاقے کے ایم پی اے اور چیئرمین ضلع کونسل کچھی تحریری نشاندہی بھی کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے ہم بدعنوانی کی نشاندہی کرتے چلے آرہے ہیں اور حالیہ کارروائیاں ہمارے اس موقف حقیقی تائید ہیں۔

متعلقہ عنوان :