پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی میں متوقع گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر 9 مقامات پر ریلیف سینٹر قائم کردیئے

منگل 17 مئی 2016 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی میں متوقع گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر 9 مقامات پر ریلیف سینٹر قائم کردیئے ہیں جو 24 گھنٹے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات فراہم کریں گے۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز نے ہیٹ ویو کے پیش نظر سندھ رینجرز اسپتال ناظم آباد، میڈیکل انسپکشن روم کراچی یونیورسٹی، میڈیکل انسپکشن روم سائٹ اسٹیڈیم ، میڈیکل انسپکشن روم گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج نزد چاند بی بی ہوٹل، میڈیکل انسپکشن روم فٹبال اسٹیڈیم لیاری، میڈیکل انسپکشن روم ٹول پلازہ، میڈیکل انسپکشن روم سعید آباد، میڈیکل انسپکشن روم جامعہ ملیہ اور میڈیکل انسپکشن روم پرانا مظفر آباد کالونی سمیت 9 مقامات پر ہیٹ اسٹروک ریلیف سینٹر قائم کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ہیٹ اسٹروک سینٹر شہر میں تعینات مختلف سیکٹرز اور ونگ ہیڈ کوارٹرز میں قائم کئے گئے ہیں جبکہ مرکزی ہیٹ اسٹروک ریلیف سینٹر سندھ رینجرز اسپتال ناظم آباد میں قائم کیا گیا ہے۔ یہ ریلیف سینٹرز 24 گھنٹے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کریں گے۔ رینجرز نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ ہیٹ اسٹروک کی صورت میں اپنے قریبی رینجرز ہیٹ اسٹروک ریلیف سینٹر پر رابطہ کریں اور بلامعاوضہ طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کریں۔ عوام اور رینجرز ساتھ ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :