امریکہ کا ایک بار پھر جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف

پاکستان نیو کلیئر سپلائرز گروپ اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول کا رکن بننے کا اہل ہے ،پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے،سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری

منگل 17 مئی 2016 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) امریکہ نے ایک بار پھر سے جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ پاکستان نے خطے میں روایتی ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے عدم توازن پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول کا رکن بننے کا اہل اور خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے ۔

منگل کو سلامتی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاملات پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور امریکی وفد کی سربراہی امریکی نائب وزیر خارجہ نے کی۔ اجلاس میں جوہری عدم پھیلاؤ، خطے کی سلامتی و استحکام اور دوطرفہ اہمیت کے امور پر بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

امریکہ نے جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اجلاس میں کہا کہ نیو کلیئر سپلائرز گروپ اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول کے رکن بننے کے اہل ہیں اور خطے میں پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے، پاکستان نے سماجی و معاشی ترقی کیلئے پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی تک رسائی پر زور دیا، دونوں ملکوں نے جنوبی ایشیاء میں جوہری اور میزائل شعبوں میں تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور پاکستان نے خطے میں روایتی ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے عدم توازن پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کیمیائی اور بائیولوجیکل ہتھیاروں کے کنونشنز سے متعلقہ امور پر بھی غور کیا گیا۔