پشاور،محفوظ خون کی منتقلی کے منصوبے سے متعلق محکمہ صحت ،جرمن ترقیاتی بنک( کے ایف ڈبلیو) کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

مفاہمت کی یاداشت کے تحت کے ایف ڈبلیو صوبے میں ریجنل بلڈ سنٹرز کے قیام کے لئے مالی معاونت فراہم کریگا منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں محفوظ خون کی منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے گا،شہرام تراکئی

منگل 17 مئی 2016 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) محکمہ صحت خیبر پختونخوا اور جرمن بنک(کے ایف ڈبلیو)کے درمیان صوبے میں خون کی محفوظ منتقلی کے منصوبے کے سلسلے میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منگل کے روز ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سینئرصوبائی وزیر صحت شہرام خان تراکئی تھے۔

محکمہ صحت کی طرف سے سیکرٹری ہیلتھ محمد عابدمجید جبکہ کے ایف ڈبلیو کی طرف سے پراجیکٹ ڈائریکٹرڈاکٹر مسعودہ زیدی نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔مفاہمت کی یاداشت کی رو سے کے ایف ڈبلیو صوبے میں ریجنل بلڈ سنٹرز کے قیام کے لئے مالی معاونت فراہم کرے گی جن میں سالانہ بیس ہزار تک خون کے عطیات جمع کئے جائیں گے۔کے ایف ڈبلیو ان ریجنل بلڈ سنٹرز کے علاوہ بارہ سرکاری ہسپتالوں میں قائم بلڈ بینکس کے لئے طبی آلات کی خریداری کے لئے بھی مالی معاونت فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کے ایف ڈبلیو ان بلڈ سنٹرز میں عملے کی ٹیکنیکل ٹریننگ،مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے علاوہ طبی آلات کی مرمت اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کرے گی۔اس منصوبے پر تقریباً4.42 ملین یورو لاگت آئے گی جس میں سے3.41 یورو کے ایف ڈبلیو فراہم کرے گی اور یہ منصوبہ تین سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔محکمہ صحت اس منصوبے کی تکمیل میں ایک سپروائزری کردار ادا کرے گا جو اس پر عملدرآمد کو مفاہمت کی یاداشت کے مطابق یقینی بنانے کے لئے بحیثیت نگران کام کرے گا اور اس مقصد کے لئے ایک پراجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ قائم کرے گاجو اس منصوبے کے تعمیراتی کاموں،آلات کی خریداری،ٹینڈرنگ اور دیگر متعلقہ کاموں کا ذمہ دار ہوگا۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شہرام تراکئی نے مفاہمت کی یاداشت کو صوبے میں محفوظ خون کی منتقلی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں مریضوں اور دیگر ضرورتمندلوگوں کو محفوظ خون کی منتقلی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور اس طرح کئی قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔انہوں نے صوبے میں صحت کی بہتر خدمات کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت کو تعاون فراہم کرنے پر کے ا یف ڈبلیو کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایاکہ صوبائی حکومت ایسے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی۔

متعلقہ عنوان :