علی حیدر گیلانی کا بازیابی کے بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی شہر ملتان پہنچنے پر پرتپاک استقبال

کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ،مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں

منگل 17 مئی 2016 21:26

لاہور /ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) افغانستان سے تین سال بعد بازیابی کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کا پہلی مرتبہ اپنے آبائی شہر ملتان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اپنے صاحبزادوں علی حیدر گیلانی اور علی قاسم گیلانی سمیت دیگر اہل خانہ کے ہمراہ لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ پہنچے جہاں سے وہ سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے چارٹر طیارے میں ملتان کے لئے روانہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

ملتان پہنچنے پر بھی انہیں سخت سکیورٹی میں ان کی رہائش گاہ لیجایا گیا جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی ۔

کارکنوں نے علی حیدر گیلانی کا پرتپاک استقبال کیا ۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔ اس موقع پر علی حیدر گیلانی کی تین سال بعد بازیابی کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 2013ء کے عام انتخابات سے 2روز قبل 9مئی کو انکے آبائی شہر ملتان سے انتخابی مہم کے جلسے سے اغواء کیا گیا تھا اور اب تین سال کے بعد افغانستان سے بازیابی کے بعد وہ پہلی مرتبہ اپنے آبائی شہر ملتان پہنچے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :