عوام ملک میں ترقی و خوشحالی کو پنپتے دیکھنا چاہتے ہیں، منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، محمد شہبازشریف

سب کا بلاامتیاز احتساب قوم کی آواز ہے، آف شور کمپنیوں پر واویلا ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے جن کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں وہی سب سے زیادہ شور مچا رہے ہیں‘وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

منگل 17 مئی 2016 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی صورت منفی یا انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ بعض سیاسی عناصر صرف ذاتی مفادات کی خاطر ملک کی ترقی روکنے کے درپے ہیں، خوشحالی کے سفر میں 18 کروڑ عوام اب کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے،وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں ترقی، خوشحالی امن اور امید کا سفر شروع ہو چکا ہے اور عوا م کے تعاون سے اس سفر کو کامیابی سے طے کریں گے،سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے، ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں معاشی طور پر مستحکم ہے اور 2018 ء کا پاکستان آج سے زیادہ پرامن، محفوظ، ترقی یافتہ اور خوشحال ہوگا۔ بلاامتیاز احتساب سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، یہ وقت ذاتی مفادات کی سیاست کا نہیں۔

ملک کو آگے لے جانے کیلئے سب کو مل کر محنت اور دیانت سے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے اور اربوں روپے کے قرض معاف کرانے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔سب کا بلاامتیاز احتساب پوری قوم کی آواز ہے۔ آف شور کمپنیوں پر واویلا ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے اور جن کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں، وہی سب سے زیادہ شور مچا رہے ہیں۔

پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کی حقیقت جان چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور کا حالیہ ضمنی الیکشن کا نتیجہ منفی سیاست کرنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ عوام ملک میں ترقی و خوشحالی کو پنپتے دیکھنا چاہتے ہیں، منفی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں ذوالفقار علی خان، محمد ثاقب خورشید، چوہدری اختر علی خان، راشدہ یعقوب اور چوہدری محمد اقبال شامل تھے جبکہ ایم پی اے منشا اﷲ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :