موجودہ سیاستدانوں کی نورا کشتی ملک کو لے ڈوبے گی،لوٹا گیاقومی سرمایہ ہضم کرنے کیلئے بھی قومی سرمایہ ہی استعمال کیاجارہا ہے، مخصوص طبقہ عیاشی کی زندگی گزاررہا ہے ، عام آدمی کو روٹی کے چکر میں ڈال دیا گیا ہے، ملک میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی،پرویزمشرف ہی ملکی حالات تبدیل کرسکتے ہیں

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی مرکزی شعبہ اطلاعات سے ٹیلی فونک گفتگو

منگل 17 مئی 2016 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ موجودہ سیاستدانوں کی نورا کشتی ملک کو لے ڈوبے گی،لوٹا گیاقومی سرمایہ ہضم کرنے کے لئے بھی قومی سرمایہ ہی استعمال کیاجارہا ہے،بلوچستان میں بھاری پیمانے پر پکڑی گئی کرپشن کی دولت سے اندازہ کیاجاسکتا ہے کہ ملک کو کیسے لوٹا جارہا ہے۔

مخصوص طبقہ عیاشی کی زندگی گزاررہا ہے جبکہ عام آدمی کو روٹی کے چکر میں ڈال دیا گیا ہے، ملک میں تبدیلی ناگزیر ہوچکی،پرویزمشرف ہی ملکی حالات تبدیل کرسکتے ہیں۔ وہ منگل کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس اور اس کے نتیجے میں ہونے والی مصنوعی ہنگامہ آرائی اور بلوچستان میں سیکرٹری فنانس کی بڑی کرپشن کے بے نقاب ہونے پر اندازہ کیاجاسکتا ہے کہ مملکت خداداکو کس بے دردی سے نوچا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

قومی دولت بے دریغ لوٹی جارہی ہے۔پاکستان کے دشمن حب الوطنی کے لبادے میں پاکستان کو ختم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ایک طے شدہ منصوبے کے تحت عام آدمی کوروٹی جیسے مسائل کے بھنور میں ڈال دیا گیا ہے تا کہ وہ اس سے آگے کی سوچ ہی نہ سکے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاست دان مشترکہ مفادات کے لئے ایک دوسرے کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ایسے میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

وقت آ گیا ہے کہ بیس کروڑ عوام کے حقوق پر غاصبانہ قبضہ کئے بیٹھے مافیا کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔قومی ترقی کے لئے تبدیلی ضروری ہوچکی ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے دور میں عام آدمی آج کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان زندگی گزاررہا تھا۔اس کی بنیادی وجہ جنرل(ر)پرویز مشرف کی دوراندیشی پر مبنی پالیسیاں تھیں جن کی بدولت ملک و قوم استحکام کی طرف بڑھ رہے تھے۔اب بھی ملک میں پرویز مشرف ہی حقیقی تبدیلی لاسکتے ہیں ۔