قرآن وسنت کے عادلانہ نظام کے بغیر ترقی وخوشحالی ممکن نہیں ‘حکومت آئندہ بجٹ میں کسانوں کو کھاد ، زرعی ادویات اور مشینری پر سبسڈی دے ‘ امیرجماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد کا اجلاس سے خطاب

منگل 17 مئی 2016 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ جب تک اس ظالمانہ نظام کو لپیٹ کر ملک میں قرآن وسنت کے عادلانہ نظام کا نفاذ نہیں کیا جاتا ، ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کرپشن فری پاکستان مہم کے حوالے سے ٹرین مارچ کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ملک شاہد اسلم ،ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان ،سیکرٹری سیاسی امور چوہدری محمود الاحد، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیزعابد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا 70% فیصد سے زائد زراعت سے منسلک ہے مگر ملک پر قابض اشرافیہ نے کسانوں اور ہاریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔

کاشتکاروں کو آئندہ بجٹ میں کھاد ، بیج ، زرعی ادویات اور مشینری کی قیمتوں پر سبسڈی ملنی چاہیے۔ذکراﷲ مجاہد نے کہا کہ ملک میں ایک طرف ظالم وڈیرے ہیں جنہیں اپنی جاگیروں کی حدود کا علم تک نہیں اور دوسری طرف وہ مزارعے اور ہاری ہیں جن کی کئی نسلیں ان وڈیروں کی غلامی کرتے گزر گئی ہیں۔ ملک کے تمام وسائل اوراداروں کو حکمرانوں اور جاگیرداروں نے یرغمال بنا رکھا ہیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے صنعت کار اور جاگیردارملک میں زراعت کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

متعلقہ عنوان :