کھیل سپورٹس مین شپ اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں‘محمد رفیق رجوانہ

منگل 17 مئی 2016 17:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کھیل سپورٹس مین شپ اور برداشت کے جذبے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، ہم نے پاکستان میں کھیل کو بھی بچانا ہے اور اپنے پیارے وطن کو بھی،تمام صوبے حکومت کے دستے بازو ہیں اور ہمیں ان کو ساتھ لے کر چلنا ہے تبھی ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں خیبر پختون خواہ اور صوبہ پنجاب کی صوبائی ممبران کی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے اعشایہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سپیکرپنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں، ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کے علاوہ صوبائی وزراء اور ایڈوائزز صاحبان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں تمام سیاسی قوتوں کا نقطہ نظر اپنی جگہ لیکن ہمیں باہمی اتحاد و اتفاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمیں قومی یکجہتی اور سیاسی پختگی کا مظاہر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صوبوں کے درمیان قومی روابط کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ہمارے سیاسی کارکنوں نے کرکٹ کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ ملکی معاملات میں ہمارے کتنے ہی اختالافتات کیوں نہ ہوں لیکن ہم اپنے ملک کے لئے ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔

گورنر نے کہا کہ ہمیں سیاسی بصیرت کے ساتھ آنے والے وقت کا نہ صرف جائزہ لینا ہے بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اٹھائے جانے والے ہر اچھے اقدام کی نہ صرف حوصلہ افزائی کرے گی بلکہ اس کے ساتھ ہر بھر پور تعاون بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی تربیت اوراستداد کار میں اضافے کے ساتھ ملک کی ترقی کے عمل میں ان کے کردار کو مزید موٴثر کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کا یہ اقدام بلاشبہ ہماری نوجوان نسل کے لئے بہت بڑا پیغام ثابت ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی نے ہمارے ملک کو بہت زخم دیئے ہیں لیکن ہم ثابت کردیں گے کہ پاکستان نہ صرف پُر امن ملک ہے بلکہ اس دیس کے ہر خطے میں بسنے والے عوام بھی اَمن اور محبت کے داعی ہیں۔