کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں33فیصد اضافہ حکومتی اقدامات پر تاجروں کے اعتماد کا مظہر ہے ‘ناصر حمید خاں

منگل 17 مئی 2016 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) ممبر فیڈریشن آف چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے رواں مالی سال 2015-16کی پہلی ششماہی کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی وصولی میں33فیصد سے زائداضافہ حکومتی اقدامات پر تاجروں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بور ڈ آف ریونیو کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2015کے دوران ایف بی آر کو کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں180ارب روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ گزشہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2014کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 135.3ارب روپے کی وصولیاں ریکارڈ کی گئی تھیں ۔ ناصر حمید نے کہا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران کسٹمز ڈیوٹی کے ضمن میں 44.7ارب روپے کی زائد وصولیاں ہوئیں ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت سمگلنگ کے خاتمہ کیلئے کسٹمز ڈیوٹی میں مزید کمی کرے تو ایماندار تاجر جائز طریقہ سے اشیاء درآمد کرکے نہ صرف حکومتی خزانہ میں اضافہ کرینگے بلکہ مارکیٹ میں اسمگلر کا بھی باآسانی مقابلہ کرسکیں گے اور حکومتی کسٹمز ڈیوٹی میں مزیداضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ تاجروں کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر تیار کرے تاکہ تاجر برادری حکومتی اہداف کے پورا کرنے میں مددگار و معاون ثابت ہوسکے ۔