لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے توانائی منصوبوں پر35ارب ڈالرخرچ کرنا خوش آئند ہے‘ راجہ عدیل

منگل 17 مئی 2016 13:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) ایگزیکٹوممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ میں46ارب ڈالر میں سے35ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ2016-17 میں پنجاب میں بجلی کے دو منصوبوں کے لیے ایک کھرب سے زائد رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جن میں ایل این جی کے دومنصوب1200میگا واٹ کے بلوکی منصوبہ اور 1200میگا واٹ کا بہاد شاہ منصوبہ بھی شامل ہے ۔راجہ عدیل نے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے توانائی بحران اور لو ڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے منصوبوں پر کام کر رہی ہے کاسا1000معاہدہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ سے ہی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا اور صنعتی لحا ظ سے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام توانائی منصوبوں کی تکمیل کا ٹائم فریم مقرر کیا جائے تاکہ یہ منصوبے اپنی مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کا لیے خاتمہ ممکن ہوسکے۔