ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگرانتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی مریضوں کے لواحقین کیلئے پریشانی کا باعث بن گئی

منگل 17 مئی 2016 12:06

بہاولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگرانتظامیہ کی غفلت اور لا پرواہی کے سبب مریضوں کے لواحقین کے لئے بنائے گئے مہمان خانہ کی عمارت ہونے کے با وجود لوگ جھلستی گرمی میں پلاٹوں اور بینچوں پر بیٹھنے پر مجبور ،انتظامیہ کی غفلت کے باعث اس مہمان خانہ کی عمارت پر زنگ آلود تالے لگے نظر آتے ہیں-تفصیلات کے مطابق پانچ سال قبل ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر میں آرام گاہ برائے لواحقین مریضاں تعمیر کی گئی،لاکھوں روپے مالیت سے تعمیرہونے والی اس بلڈنگ کا مقصد دور دراز سے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے لواحقین کو آرام کی غرض سے مناسب جگہ مہیا کرنا تھا،،مگر اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے آرام گاہ کی تزین و آرائش کے لئے لگایا گیا سامان،اے سی ،ٹی وی اور فرنیچر وغیرہ ،غائب ہو چکے ہیں، دروازاں پر لگے زنگ آلود تالے انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،سینکڑوں میلوں دور سے آئے ہوئے لواحقین آگ برساتی دھوپ میں کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار پلاٹوں میں لیٹنے پر مجبور ہیں، مناسب سہولت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی عیادت اور تیمار داری کے لئے آنے والے افراد جراثیم زدہ ماحول میں کھلے پلاٹوں اور بینچوں پرہی دستر خوان لگا کر کھاناکھاتے دکھائی دیتے ہیں,تپتی زمین پربے یارو مددگار لیٹے ہوئے افرادکو دیکھ کر ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں انتظامیہ نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے،اعلی ترین سہولیات کے دعوے دارباب اختیار کے لئے یہ لمحہ فکریہ ہے،،ضرورت اس چیز کی ہے کہ فی الفور اس آرام گاہ کی تزین وآرائش کر کے اس کو بحال کیا جائے تاکہ دور دراز سے آئے ہوئے لواحقین کو مناسب سہولیات دستیاب ہوں-