مشیر اوقاف وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید رئیس کو اپنا مشیر بنانے کا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی خصوصی افراد سمیت تمام مظلوم طبقات کے حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، عبدالقیوم سومرو

پیر 16 مئی 2016 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اوقاف ومذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید رئیس کو اپنا مشیر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی خصوصی افراد سمیت تمام مظلوم طبقات کے حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔ وہ گذشتہ شب زکوٰ ۃ عشر کمیٹی ضلع ساؤتھ دارالسکون اور ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر منائی جانے والی خصوصی افراد کے ساتھ ایک شام کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔

جس سے وزیر اعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر فرید انصاری ،زکوٰۃ عشر کمیٹی کراچی کے چیئرمین خالد لطیف ،ضلع جنوبی کے یوسف ناز ،وزیر اعلیٰ کی اسپیشل اسسٹنٹ نورجہاں بلوچ ، ضلع وسطی زکوٰۃ عشر کمیٹی کے چیئرمین صمد گبول ، دارالسکون کے مورث خورشید، اقبال کاکڑ، جاوید رئیس، شکیل خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جب راحیل اقبال نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔

عبدالقیوم سومرونے مزیدکہا کہ خصوصی افراد کا ہر کام ترجیحی بنیاد وں پر کیا جائے گا ۔ گل پلازہ کے سامنے پارکنگ لاٹ کی جگہ پر قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے انڈور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا اعلان کیاتھا بھٹو صاحب کے اس فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی بقاء کو اہمیت دیتی ہے لیکن کرپٹ اور بزدل حکمرانوں کو آکسیجن نہیں دی جائے گی۔

مرد آہن آصف علی زرداری نے جمہوری حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کے راستے پر ڈالا مگر پارلیمنٹ کو نظر انداز کرکے سیاسی تماشا برپاکرنے کی اجازت نہیں دے جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر فرید انصاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی محروم طبقات کے ساتھ ہے ۔ زکوٰ ۃ وعشرکمیٹی کراچی کے چیئرمین خالد لطیف نے خصوصی افراد کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے ۔

زکوٰۃ وعشر کمیٹی ضلع ساؤتھ کے چیئرمین یوسف ناز نے کہا کہ خصوصی افراد کے ساتھ منائی جانے والی یہ شام ہمارے لئے باعث افتخار ہے ۔ دارالسکون کے جنرل مینیجر مورث خورشید نے کہا کہ ہم خصوصی افراد کیلئے خصوصی پیکیج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور شہید بے نظیر بھٹو نے دارالسکون کا دورہ کرکے نئی توانائی بخشی تھی ۔ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید رئیس نے خصوصی افراد کو جدوجہد جاری رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے ساتھ منائی جانے والی اس یادگار شام نے نئی تحریک بخشی ہے اُنہوں نے حکومت سندھ سے بے نظیر بھٹو اسپیشل اسپورٹس کمپلیکس بنانے کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں خصوصی افراد کو وہیل چیئرز اور ٹرائی سائیکل دی گئیں اور موسیقی کا پروگرام پیش کیا گیا۔