پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیراہتمام یوتھ ڈرامہ فیسٹیول شروع ہوگیا

پیر 16 مئی 2016 17:16

اسلام آباد ۔ 16 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیراہتمام یوتھ ڈرامہ فیسٹیول پیر سے شروع ہوگیا۔ پی این سی اے فنون لطیفہ کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور فلم اورتھیٹر کے فروغ کیلئے بھی یہاں مختلف پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔ پی این سی اے کے ترجمان کے مطابق ورلڈ تھیٹر ڈے کے موقع پر پی این سی اے نے یوتھ ڈرامہ فیسٹیول کا اہتمام کیا ہے ۔

فیسٹیول میں مختلف یونیورسٹیوں کے طالب علم حصہ لے رہے ہیں ۔ فیسٹیول کے پہلے روز کامسیٹس یونیورسٹی کے طالب علموں نے ڈرامہ ”لوآج کل“ پیش کیا۔ واضح رہے کہ پی این سی اے ہر سال ڈرامہ فیسٹیول منعقد کرتا ہے جس کا مقصد ڈرامہ کو فروغ دینے کے علاوہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں زیادہ بہتر اندازمیں کام کرکے ملک وقوم کا نام روشن کرسکیں۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کے دوسرے روز( کل) منگل کو فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی کی طالبات ڈرامہ ضمیر سات پردوں میں پیش کریں گے۔18 مئی کو وفاقی اردو یونیورسٹی کے طالب علم ڈرامہ امید پیش کریں گے۔قائداعظم یونیورسٹی کے طالب علم 19 مئی کو ڈرامہ الف اقبال پیش کریں گے،بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے طالب علم 20 مئی کو ڈرامہ گونگی جورو پیش کریں گے،21 مئی کو پوسٹ گریجویٹ کالج سکستھ روڈ کی طالبات ڈرامہ دیا جلائے رکھنا پیش کریں گے،22 مئی کو شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علم ڈرامہ عشق گداگر پیش کریں گے اس کے بعد 23 مئی کو اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں فنکاروں میں اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ تقریب سہہ پہر 4 بجے منعقد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :