نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹر سائیکل پر تین یا زیادہ سواریاں بٹھانے کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 16 مئی 2016 14:15

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مئی۔2016ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹر سائیکل پر تین یا زیادہ سواریاں بٹھانے کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ کی ہدایت پر شروع کی جانے والی اس مہم کی نگرانی سیکٹر کمانڈر ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی کر رہے ہیں ۔ جنہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتا یا کہ موٹرسائیکل کے بڑھتے حادثات کو مّدنظر رکھ کر یہ کاروائی شروع کی گئی ہے تاکہ موٹرسائیکل سواروں میںآ گاہی پیدا کرکے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ موٹرسائیکل ایک عوامی سواری ہے لیکن غفلت و لاپرواہی سے یہ انتہائی خطرناک ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر ہونے والے حادثات کے اسّی فیصد سے زائد واقعات میں موٹرسائیکل ملوث ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


ایس ایس پی مسرور عالم کولاچی نے مزید بتایا کہ قانونی طور پر موٹرسائیکل پر ڈارئیور سمیت صرف دو سواریاں بٹھائی جا سکتی ہیں لیکن مشاہدہ میں آیا ہے کہ اکثر اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین یااس سے بھی زیادہ سواریاں بٹھائی جاتی ہیں جس سے ناصرف ڈرائیور کو موٹرسائیکل پر قابو رکھنا اور اپنے آس پاس کا جائزہ لینا مشکل ہو جاتا ہے بلکہ بریکوں کے کام کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے یوں صورت حال اور بھی خطرناک ہوجاتی ہے۔

مزید تفصلات بتاتے ہوئے سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ اس خصوصی مہم کے دوران موٹرسائیکل پر اوورلوڈنگ کے حوالے سے موثر بریفنگ دینے کے ساتھ ساتھ چالان ٹکٹ بھی جاری کیے جا رہے ہیں اورزائد سواریوں کو اتار کر بس یا ویگن میں سوار کروا دیا جاتا ہے۔ انھوں نے موٹرسائیکل استعمال کرنے والوں کو تاکید کی کہ کسی بھی صورت میں مقررہ حد سے زیادہ سواریاں ہرگز نہ بٹھائیں ، موٹرسائیکل پر عقب نما آئینے لگوائیں ، موٹرسائیکل کی اگلی بچھلی بتیاں درست حالت میں رکھیں اور سواری کرتے وقت سیفٹی ہیلمٹ کا استعمال کریں تاکہ ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :