ڈی پی ایس سکول اینڈ بلھے شاہ ڈگری کالج قصورمیں نو تعمیرشدہ سرسیدہال کا افتتاح

پیر 16 مئی 2016 12:31

قصور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء )ڈی سی اوقصورمحمدشاہدنے ڈی پی ایس سکول اینڈ بلھے شاہ ڈگری کالج قصورمیں 3کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرشدہ سرسیدہال کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈی پی ایس سکول کرنل(ر) محمدعدیل‘ ایڈمنسٹریٹرڈی پی ایس محمدجہانگیرچوپڑا‘ممبران بورڈ آف گورنرزاوراساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی اوقصور محمد شاہدنے کہا کہ حکومت بہترین تعلیمی سہولیات کیساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ طلباء وطالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا بھرپور موقع میسرآسکے‘ انہوں نے کہا کہ اس حال میں 500افرادکے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو نہ صرف سکول کے مختلف پروگرام کیلئے استعمال ہوگا بلکہ ضلع بھرکے دیگرادارے بھی اس سے مستفیدہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں محمدشاہدکی زیرصدارت ڈی پی ایس بورڈ آف گورنر کا اجلاس ہواجس میں فیصلہ کیاگیا کہ نوتعمیرشدہ سرسیدہال کوتعلیمی مقاصدکیلئے کرایہ پر دیاجائیگا اور اس سے حاصل ہونیوالی آمدنی سکول ہذا کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے استعمال ہوگی اسکے علاوہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ ڈی پی ایس سکول کے دوران سروس وفات پاجانے والے ملازمین کے بچوں کی فیس میں 50فیصد تک رعایت دی جائیگی۔