یمن میں پولیس رنگروٹوں پر خودکش حملہ، 25 افراد ہلاک ،60 زخمی ،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

خودکش بمبار نے پولیس دفتر میں خود کو اس وقت دھماکے اڑایا جب وہاں حال ہی میں بھرتی ہونے والے افراد قطار میں کھڑے تھے،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ،بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

اتوار 15 مئی 2016 17:17

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) یمن کے جنوبی شہر مکلا کے مغربی علاقے الفوہ میں پولیس کے ایک کیمپ پر خودکش حملے میں 25 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ، حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق حکام کا کہنا تھاکہ خودکش بمبار نے ساحلی شہر مکالا میں پولیس کے دفتر میں گھس کر اس وقت دھماکے اڑایا جب وہاں حال ہی میں بھرتی ہونے والے افراد قطار میں کھڑے تھے۔

دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور جائے حادثہ سے دھواں بھی اٹھتا دکھائی دیا تاہم حملے کے بعد پولیس اور دیگر اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کے جسم کے اعضاتلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میڈیکل اور سکیورٹی حکام نے بھی25افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

مکلا شہر کے دو ہسپتالوں ابن سینا اور الریان کی انتظامیہ نے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے ۔گزشتہ ماہ یمنی سرکاری فوج کے مکلا پر کنٹرول حاصل کرنے سے قبل یہ شہر القاعدہ تنظیم کا اہم گڑھ شمار ہوتا تھا۔یاد رہے کہ ایک بڑے افسر نے جمعہ 13 مئی کو اعلان کیا تھا کہ یمنی فورسز نے 24 اپریل کو مکلا شہر کا کنٹرول واپس لینے کے بعد سے القاعدہ کے تقریبا 250 ارکان کو گرفتار کیا ہے۔واضح رہے کہ داعش تنظیم نے جمعرات کے روز بھی حضرموت صوبے کے شہر مکلا میں ساحلی دفاع کی فورسز کے کیمپ کے مرکزی داخلی راستے کو تین خودکش کار بم دھماکوں کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے نتیجے مین 7 فوجی اہل کاروں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے تھے۔