بھارتی سپریم کورٹ نے پاکستانی شہری کی رہائی کے معاملے پر مرکز اورریاستی حکومت سے جواب طلب کرلیا

پاکستانی شہری عرفان سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے میں زندہ بچ گیا تھا،جو ابتک امرتسر جیل میں قید ہے

اتوار 15 مئی 2016 17:17

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) بھارتی سپریم کورٹ نے امرتسر جیل میں قید سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہری کی رہائی کے حوالے سے مرکز اور پنجاب سے فوری جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے سفر کرنے والا پاکستان شہری عرفان 18فروری2007 کو سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے میں زندہ بچ گیا تھا،جسے بعد میں امرتسر جیل میں قیدکردیاگیاتھاجو اب تک وہاں قید ہے۔

جسٹس اے کے سکری اور آر کے اگروال پر مشتمل سپریم کورٹ کے ایک بینچ نے وزارت خارجہ اورداخلہ اور پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے امرتسر جیل میں قید پاکستانی شہری عرفان کی رہائی کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت اور اس سلسلے میں جواب طلب کرلیاہے۔بھارتی جیل میں قید پاکستانی شہری عرفان کے والد محمد ظہور نے اپنے بیٹے کی رہائی کے لئے دہلی کے وکیل اشوک رندھوا کوکیس سونپا تھا۔