عراقی وزیراعظم نے سیاسی بحران کے حلکیلئے تمام فریقین کو جامع مذاکرات کی دعوت دیدی

تمام سیاسی گروپ دہشت گردی کے واقعات پر ایک دوسرے پرالزام تراشی کا سلسلہ بند اور سیاسی بحران کے حل کے لیے جامع مذاکرات شروع کریں، پارلیمنٹ کی قانونی کارروائی میں تعطل سے امن وامان کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں،عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کا بیان

اتوار 15 مئی 2016 15:42

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء ) عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو جامع مذاکرات کی دعوت دیدی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ایک بیان میں سیاسی گروپوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر ایک دوسرے پرالزام تراشی کا سلسلہ بند کریں اور سیاسی بحران کے حل کے لیے جامع مذاکرات شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حالیہ دنوں میں ملک میں ہونے والے بم دھماکوں میں سیاسی رہ نماں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔العبادی کا کہنا تھا کہ ملک میں پارلیمنٹ کی قانونی کارروائی میں تعطل سے امن وامان کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے بعد داعشی جنگجو بھاگ رہے ہیں اور وہ مزید نقصان سے بچنے کے لیے بم دھماکوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی اصلاحات پلک جھپکتے نہیں ہوسکتیں۔ اس کے لیے طویل وقت درکار ہے۔