روس میں قبرستان کی نوکریوں پر جھگڑا،3 افراد ہلاک،23 زخمی ،پولیس نے 90افراد کو گرفتارکرلیا

جھگڑے میں فائرنگ کی گئی، بیلچوں، لوہے کی سلاخوں، بیس بال کے بلوں کا استعمال کیا گیا،پولیس حکام

اتوار 15 مئی 2016 15:41

روس میں قبرستان کی نوکریوں پر جھگڑا،3 افراد ہلاک،23 زخمی ،پولیس نے 90افراد ..

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک قبرستان میں ہونے والے جھگڑے میں 3 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیاکیمطابق روسی دارالحکومت ماسکو کے جنوب مغرب میں واقع خونسکوئے قبرستان میں ملازمتوں کے معاملے پر جھگڑے کے نتیجے میں 3افراد ہلاک اور 23دیگر زخمی ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑا بظاہر ملازمتوں کے مسئلے پر ہوا ہے، جھگڑے میں 200 کے قریب افراد شامل تھے۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد جب لوگوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو دو افراد ایک کار تلے کچلنے سے مارے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کار میں پستول سے مسلح تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق جھگڑے میں فائرنگ کی گئی اور اس کے علاوہ بیلچوں، لوہے کی سلاخوں، بیس بال کے بلوں کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جھگڑے میں شامل 90 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے جھگڑے کو روکنے کے لیے ہوا میں فائرنگ کی۔پولیس کے خیال میں جھگڑا ملازمین کے دوگروہوں میں قبرستان کی حدود طے کرنے کے معاملے پر ہوا کیونکہ قبرستان میں آخری رسومات کے کاروبار میں کافی آمدن ہے۔اطلاعات کے مطابق جھگڑا وسطی ایشیا کی ریاستوں اور داغستان سے تعلق رکھنے والے ملازموں کے درمیان ہوا۔ماسکو کے جنوب مغرب میں واقع یہ قبرستان 500 ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے۔