افغان صوبہ ہلمند میں پولیس چیک پوسٹ اور تربیتی کیمپ پر طالبان کے حملوں اور جھڑپوں میں 52سیکورٹی اہلکار ہلاک

ڈرون حملے ، افغان فضائیہ کی کاروائی اور طالبان گروپوں کے درمیان لڑائی میں داعش کے 8جنگجوؤں سمیت 39شدت پسند ہلاک ، 19 زخمی ڈرون حملہ ضلع آچن میں کیا گیا جس میں شدت پسندوں کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا،گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی،سیکورٹی حکام

اتوار 15 مئی 2016 15:40

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں پولیس چیک پوسٹ اور تربیتی کیمپ پر طالبان کے حملوں اور جھڑپوں کے دوران 52سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ امریکی ڈرون حملے ،افغان فضائیہ کی کاروائی اور طالبان گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں داعش کے 8جنگجوؤں سمیت 39شدت پسند ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند میں پولیس چیک پوسٹ اور تربیتی کیمپ پر طالبان کے حملوں میں 30 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔صوبائی حکا م کا کہنا ہے کہ ہلمند کے موسی قلعہ ڈسٹرکٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس چیک پوسٹ اور تربیتی کیمپ پر طالبان حملوں میں 30 اہلکار ہلاک جب کہ طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں 22 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

افغان سیکیورٹی حکام نے ہلمند میں طالبان حملوں اور جھڑپوں کے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسی قلعہ ڈسٹرکٹ میں حملہ آوروں نے پولیس چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں 27 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ حملہ آوروں نے پولیس کی 3 گاڑیاں بھی جلا دیں، اس کے علاوہ حملہ آور اسلحہ سے بھری 2 گاڑیاں اور متعدد پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ بھی لے گئے۔

ادھر مغربی صوبہ گوہر میں افغان فضائیہ کی کاروائی میں 18شدت پسند ہلاک اور 7دیگر زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ فضائی کاروائی کے دوران شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 18شدت پسند مارے گے ۔ مغربی صوبہ ہرات کے ضلع شینداند میں طالبان کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے مین 13جنگجو ہلاک اور 12دیگر زخمی ہوگئے ۔

صوبائی پولیس کے ترجمان جیلانی فرہاد کا کہنا ہے کہ جھڑپ ملا اختر منصور گروپ کے کمانڈر ملا صمد اور ملا رسول گروپ کے کمانڈر ننگلائی کے حامیوں کے درمیان ہوئی جس میں دونوں جانب سے بھاری جانی نقصان اٹھا نا پڑا۔دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 8جنگجو ہلاک ہوگئے ۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع آچن میں کیا گیا جس میں شدت پسند تنظیم کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایاگیا ۔

حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ 8جنگجو بھی مارے گئے ۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند گاڑی میں سوار ہوکر دہشتگردانہ سرگرمیوں کیلئے جارہے تھے کہ انکی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔حملے میں شہریوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ مشرقی صوبہ ننگرہا رمیں شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجو بڑی تعداد میں سرگرم ہیں جنھیں امریکہ کی جانب سے ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔