کعبہ کے طواف کے لئے بنایا جانے والا دو منزلہ عارضی مطا ف پل تین سال بعد ہٹا دیا گیا

اب صحن حرم میں ایک گھنٹے کے دوران 19 ہزار کی بجائے 30 ہزار زائرین کعبہ کے طواف کی سعادت حاصل کر سکیں گے

اتوار 15 مئی 2016 15:25

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مئی۔2016ء)مسجد الحرام کی توسیع کے جاری منصوبے کے دوران حجاج و معتمرین کی سہولت کے لیے بنائے گئے عارضی مطاف کو ہٹانے کا آپریشن گزشتہ روز مکمل کر لیا گیا ۔اب صحن حرم میں ایک گھنٹے کے دوران 19 ہزار کی بجائے 30 ہزار زائرین کعبہ کے طواف کی سعادت حاصل کر سکیں گے جبکہ مطاف کی تمام منازل میں ایک گھنٹے کے دوران ایک لاکھ 7 ہزار زائرین کے طواف کی گنجائش ہو گی۔

مسجد الحرام کے توسیعی و تعمیراتی منصوبے کے دوران عارضی مطاف کا استعمال 22جولائی 2013ء کو شروع کیا گیا تھاجسے تین سال بعد ختم کر دیا گیا ہے ۔اب زائرین براہ راست خانہ کعبہ کے طواف اور دیدار کا شرف حاصل کر سکیں گے۔حرمین شریفین کے نگراں ادارے کے چیئرمین اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بتایا کہ عارضی مطاف کی مسماری کا آپریشن آٹھ مراحل میں 35 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے‘اس دوران اس کے10ہزار 489حصے ‘84عارضی ستون اور طواف کعبہ کے لیے استعمال ہونے والے چاروں پل گرا دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کام میں 580 کارکنوں اور 80انجینئروں نے حصہ لیا-مسماری کی کارروائی بخیریت انجام پائی اور اس دوران کسی قسم کا کوئی نقصان ہوا اور نہ ہی زائرین کے طواف میں کسی قسم کا خلل پیدا ہوا ہے۔ عارضی مطاف کی مسماری کا کام وقت مقررہ سے 20 دن پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے۔