چینی افواج کے بارے میں امریکی رپورٹ گمراہ کن ہے

امریکہ فوجی قوت میں اضافہ کر کے علاقے پر قبضہ جمانا چاہتا ہے رپورٹ سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو دھچکا لگا ہے ، چینی فوجی ترجمان

اتوار 15 مئی 2016 14:49

چینی افواج کے بارے میں امریکی رپورٹ گمراہ کن ہے

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) چین نے اپنی فوجی صورتحال کے بارے میں پینٹا گون کی رپورٹ پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے گمراہ کن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس رپورٹ میں چین کی فوج کے بارے میں غلط اطلاعات فراہم کی گئی ہیں ، چین قومی دفاعی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو دفاعی نقطہ نظر کے مطابق ہے ، چین فوجی اصلاحات کررہا ہے اور وہ اپنے تحفظ ، خود مختاری اور علاقائی سا لمیت کیلئے اپنی فوجی طاقت کو منظم کررہا ہے جبکہ امریکہ نے ہمیشہ اس پر شک و شبہ کا اظہار کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزارت دفاع کے ترجمان یانگ یو جن نے چین کی فوجی طاقت کے بارے میں امریکہ کی طرف سے جاری ہونیوالی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے محکمہ دفاع نے چین کی فوجی قوت کو بڑھا چڑھا کر اپنے لئے ایک خطرہ قرار دیا ہے اور یہ بتایا ہے کہ اس میں شفافیت کی کمی ہے اور چین کی فوجی پالیسیاں بھی مربوط نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق امر یکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں جنوبی چینی سمندروں میں چینی سرگرمیوں کو بھی غلط انداز میں بیان کیا گیا ہے ۔ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ نن شا کے جزائر میں چین کی تعمیرات غیر فوجی مقاصد کیلئے ہے اور ان کا مقصد بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنا اور عوام کو بہتر سہولتیں باہم پہنچانا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ ہے کہ جو جہاز رانی کی آزادی اور امن کے نام پر علاقے میں جنگی جہاز وں اور فوجی طاقت میں اضافہ کر کے یہاں کشیدگی پیدا کررہا ہے جس کا مقصد علاقے میں فوجی قوت کو بڑھانا اور جنوبی چینی سمندروں کے علاقے میں جان بوجھ کر قبضہ جمانا ہے۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ چین امن قائم رکھنے اور قدرتی آفات میں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے مشن بھیج کر اپنے طورپر عالمی امن اور استحکام کیلئے کام کررہا ہے ۔امریکہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد اور سلامتی کو زبردست دھچکا لگا ہے ۔انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ دونوں ملکوں اور ان کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات میں اضافے کیلئے صحت مندانہ اور پائیدار اقدامات کرے ۔

متعلقہ عنوان :