اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، یہودی توسیع پسندی ،دیوار فاصل کیخلاف نکالی گئی احتجاجی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کا تشدد، درجنوں فلسطینی زخمی

آنسوگیس کی شیلنگ ،گولے شہریوں کے گھروں میں گرنے سے خواتین ،بچے دم گھٹنے سے متاثر

اتوار 15 مئی 2016 13:20

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مئی۔2016ء) فلسطین کے علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی، یہودی توسیع پسندی اور دیوار فاصل کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلیوں پر قابض اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق مغربی رام اللہ میں بعلین کے مقام پر یہودی آباد کاری اور نسلی دیوار کیخلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پرامن اور نہتے مظاہرین پر صہیونی فورسز نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ لاٹھی چارج کیا اور ان پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقامی ذرائع کے مطابق قابض فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی تو گیس کے درجنوں گولے شہریوں کے گھروں میں جا لگے جس کے نتیجے میں گھروں میں موجود خواتین اور بچے دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے رام اللہ میں ایک کارروائی کے دوران دیوار فاصل کیخلاف احتجاجی مظاہرے منظم کرنیوالی قومی کمیٹی کے رابطہ کار عبداللہ ابو رحمہ اور ایک غیرملکی سماجی کارکن جس کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

متعلقہ عنوان :