جاپان بھارت کے اشتراک سے ایران کے شہر چابہار میں بندرگاہ کی تعمیر کرے گا،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

نریندر مودی رواں ماہ کے آخر میں ایران کا دورہ کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان چابہار پورٹ کی تعمیر کیلئے تجارتی معاہدے پر دستخط کا امکان ہے،رپورٹ

اتوار 15 مئی 2016 13:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء ) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ جاپان بھارت کے اشتراک سے ایران کے شہر چابہار کے بندرگاہ کی تعمیر کرے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جاپان ایران کے چابہار بندر گاہ کی تعمیر میں بھارت کو شامل کرنے پر غور کر رہا ہے اور اس سلسلے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی رواں ماہ کے آخر میں ایران کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان چابہار پورٹ کی تعمیر کے لیے ایک تجارتی معاہدے پر دستخط کا امکان ہے۔جنوب مشرقی ایران کے شہر چابہار کی بندرگاہ اسٹریٹیجک اہمیت کی حامل ہے ۔ گوادر میں چین کی دلچسپی اور موجودگی کو دیکھتے ہوئے بھارت افغانستان اور وسطی ایشیا تک رسائی کے لیے چابہار بندرگارہ کو گیٹ وے کے طور پر دیکھ رہا ہے۔تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان کی جانب سے منصوبے کی تعمیر کا ٹھوس فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیوں کہ جاپان نے اس سے قبل بھی چابہار پورٹ کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کر چکا ہے ۔