ملک کے اکثر علاقوں میں سورج کا آگ برسانا جاری ‘درجہ حرارت 47ڈگری تک جا پہنچا

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اتوار 15 مئی 2016 13:13

لاہور/کراچی/ اسلام آباد /جیکب آباد/سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مئی۔2016ء) ملک کے اکثر علاقوں میں آج بھی سورج آگ برساتا رہے گا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ملتان، جیکب آباد، سبی اور نوابشاہ سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ ملتان میں آج درجہ حرارت بیالیس ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں بھی سورج پھر سے آنکھیں دکھانے لگا ہے۔ سورج نکلتے ہی شہر میں گرمی بڑھ گئی ہے۔ ہوا نہ چلنے کی وجہ سے حبس میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آج درجہ حرارت تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دورن سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا،بالائی پنجاب،اسلام آباد،فاٹا،گلگت بلتستان اورکشمیر میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان،مالاکنڈ،پشاور، ہزارہ،کوہاٹ،راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویڑن،فاٹا اور اسلام آباد میں بعض مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش کوہاٹ میں ستائیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :