ماسکو میں قبرستان کی نوکریوں پر جھگڑے میں تین ہلاک،23زخمی

جھگڑے کے بعد لوگوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو دو افراد ایک کار تلے کچلنے سے مارے گئے

اتوار 15 مئی 2016 13:00

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مئی۔2016ء) روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک قبرستان میں ہونے والے جھگڑے میں تین افراد ہلاک اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑا بظاہر ملازمتوں کے مسئلے پر ہوا ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہر کے جنوب مغرب میں واقعہ خونسکوئے قبرستان میں ہونے والے جھگڑے میں دو سو کے قریب افراد شامل تھے۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے بعد جب لوگوں نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو دو افراد ایک کار تلے کچلنے سے مارے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک کار میں پستول سے مسلح تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق جھگڑے میں فائرنگ کی گئی اور اس کے علاوہ بیلچوں، لوہے کی سلاخوں، بیس بال کے بلوں کا استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جھگڑے میں شامل 90 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے جھگڑے کو روکنے کے لیے ہوا میں فائرنگ کی۔پولیس کے خیال میں جھگڑا ملازمین کے دوگروہوں میں قبرستان کی حدود طے کرنے کے معاملے پر ہوا کیونکہ قبرستان میں آخری رسومات کے کاروبار میں کافی آمدن ہے۔اطلاعات کے مطابق جھگڑا وسطیٰ ایشیا کی ریاستوں اور داغستان سے تعلق رکھنے والے ملازموں کے درمیان ہوا۔ماسکو کے جنوب مغرب میں واقع یہ قبرستان پانچ سو ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے

متعلقہ عنوان :