کرپشن الزامات سے چھٹکارا ، وزیر اعظم (کل)اہم اعلان کریں گے

سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات کے تناظر میں حکومت کی جانب سے بڑے فیصلے متوقع

اتوار 15 مئی 2016 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مئی۔2016ء) سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات سے چھٹکارے کے لئے حکومت کی جانب سے بڑے فیصلوں کا اعلان متوقع ہے، اپوزیشن کی مشاورت سے مستقل بنیادوں پر نیا احتساب کمیشن بنے گا۔ وزیر اعظم (کل)پیر کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران اعلان کریں گے۔ پاناما لیکس کے ہنگامے اور سیاستدانوں پر کرپشن کے الزامات کے تناظر میں حکومت کی جانب سے بڑے فیصلے متوقع ہیں ۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دو نوں میں موجود ایسے عناصر جو ملک میں کسی بھیقسم کی لوٹ مار کرنے میں ملوث ہیں کا کڑا احتساب کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور یہ احتساب یکساں بنیادوں پر ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق احتساب کا عمل دو مراحل میں طے کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں نئے ٹی او آرز طے کر کے پاناما لیکس کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کارروائی کیلئے مستقل بنیادوں پر احتساب کمیشن بنایا جائے گا جس کے لئے اپوزیشن کے ساتھ ملکر قانون سازی کی جائے گی۔

احتساب کمیشن کے فیصلوں پر فوری من و عن عمل دراآمد ہوگا۔ مستقبل میں ایسے عناصر پارلیمنٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ اس حوالے سے حکومت نے اپنے قانونی مشیروں سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ان اقدامات کا اعلان پیر کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :