فریضہ حج کو اختلافات کی بھینٹ چڑھانے کا کوئی جواز نہیں ، سیاسی رنگ دینے کی ایرانی سازشیں قابل مذمت ہیں:خلیج تعاون کونسل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 15 مئی 2016 11:30

فریضہ حج کو اختلافات کی بھینٹ چڑھانے کا کوئی جواز نہیں ، سیاسی رنگ دینے ..

الریاض(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15مئی۔2016ء) خلیج تعاون کونسل(جی سی سی)نے فریضہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی ایرانی سازشوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تہران کی پالیسی کو سعودی عرب کی توہین کے مترادف قراردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف الزیانی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ ایران کا فریضہ حج کو سیاسی رنگ دینے کے منفی طرز عمل سے تہران کی بدینتی ظاہرہوتی ہے۔

ایران حج کو سیاسی رنگ دے کر ایران کے حجاج کرام کے مسائل کے حل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی راہ میں خود ہی مشکلات کھڑی کررہا ہے۔انہوں نے ایرانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور فریضہ حج جیسی مقدس عبادت کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے اس کی مذہبی روح کو برقرار رکھنے میں معاونت کرے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الزیانی کاکہنا تھا کہ فریضہ حج تمام مسلمانوں اور مسلمان ملکوں کے لیے یکساں ہے، فریضہ حج کو دو طرفہ اختلافات کی بھینٹ چڑھانے کا کوئی جواز نہیں ہے، یہ بات قطعا نا مناسب ہے کہ کوئی ملک سیاسی اختلافات کی بنیاد پر فریضہ حج کی ادائیگی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرے۔

ایرانی حکومت کے سینیر عہدیداروں کے سعودی عرب کے خلاف اشتعال انگیز بیانات غیرذمہ دارانہ ہی نہیں بلکہ فریضہ حج کی مذہبی حیثیت کو متنازع بنانے کی مذموم کوشش ہیں، اس طرح کے بیانات سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات مزید متاثرہوں گے اور فریضہ حج کی ادائیگی کی راہ میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :