روانڈا کرکٹ ٹیم کے کپتان نے 51 گھنٹے لگاتار بیٹنگ کا نیا عالمی ریکارڈبناڈ الا

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 14 مئی 2016 19:57

روانڈا کرکٹ ٹیم کے کپتان نے 51 گھنٹے لگاتار بیٹنگ کا نیا عالمی ریکارڈبناڈ ..

کگالی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 14مئی ۔2016ء) روانڈا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرک ڈوسنگی زمانا نے لگاتار دو دن سے زائد نیٹ میں بیٹنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ بنا لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روانڈا کرکٹ کے کپتان نے لگاتار 51 گھنٹے بیٹنگ کر کے طویل ترین نیٹ سیشن کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیکا ،انہوں نے 11 مئی کو بیٹنگ کا آغاز کیا اور انکی یہ طویل کاوش جمعے کو اپنے اختتام کو پہنچی ،اس دوران انہیں سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر، روانڈا میں برطانوی ہائی کمشنر ولیم گیلنگ اور مس روانڈا نے بھی باولنگ کرائی۔

29 سالہ کھلاڑی کو ان کے اس طویل نیٹ سیشن کی آخری گیندان کی بیوی نے کرائی۔ایرک سے قبل طویل ترین نیٹ سیشن کا عالمی ریکارڈ ہندوستان کے ویراگ مارے کے پاس تھا جنہوں نے26گھنٹے مسلسل بلے باز ی کرکے گزشتہ سال یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرک کا کہنا تھا کہ وہ اس کوشش کے ذریعے روانڈا کرکٹ سٹیڈیم فاونڈیشن کیلئے 30ہزار ڈالر جمع کرنے کیلئے پرامید ہیں جس سے ملک کا پہلا انٹرنیشنل سٹیڈیم بن سکے گا۔

سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخری مرتبہ سکول میں باﺅلنگ کروائی تھی تاہم ایرک کو باﺅلنگ کروانا بھی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ مذکورہ اننگ کے دوران ایرک کو ہر گھنٹے کے بعد 5 منٹ کا وقفہ دیا گیا تاکہ ان کی صحت کی جانچ پرکھ کےساتھ انہیں کچھ کھلایا پلایا جا سکے۔مشہور برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کا کہنا تھا کہ 2015 ءایشز سیریز میں پوری آسٹریلین ٹیم نے جتنے گھنٹے بیٹنگ کی تھی ،ایرک نے اس سے بھی 5 گھنٹے زیادہ بیٹنگ کی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ روانڈا کرکٹ سٹیڈیم فاونڈیشن نے 2014ء میں 5730میٹر کی بلندی پر میچ کھیل کر بلند ترین مقام پر کرکٹ میچ کھیلنے کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔واضح رہے کہ ٹیسٹ میچ کی سب سے بڑی اننگ کھیلنے کا ریکارڈ عظیم پاکستانی بلے باز حنیف محمد کے پاس ہے جنہوں نے 1958 ءمیں ویسٹ انڈیز میں 337 رنز کی تاریخی اننگ کے دوران 16 گھنٹے اور 10 منٹ تک بیٹنگ کر کے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

متعلقہ عنوان :