ڈی سی او محمد شاہد نے ڈی پی ایس سکول میں 3کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ سر سید ہال کا افتتاح کر دیا

حکومت تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے‘محمد شاہد

ہفتہ 14 مئی 2016 19:55

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مئی۔2016ء)ڈی سی او قصور محمد شاہد نے ڈی پی ایس سکول اینڈ بلھے شاہ ڈگری کالج میں 3کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ سر سید ہال کا گزشتہ روز افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پرپرنسپل ڈی پی ایس سکول کرنل (ر) محمد عدیل ، ایڈمنسٹریٹر ڈی پی ایس محمد جہانگیر چوپڑا ، ممبران بورڈ آف گورنرزاور اساتذہ نے شرکت کی ۔

ڈی سی او محمد شاہد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بہترین تعلیمی سہولیات کیساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع میسر آسکے ۔ خطیر رقم سے ڈی پی ایس سکول میں سر سید ہال تعمیر کیا گیا ہے جس میں 500افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جو نہ صرف سکول کے مختلف پروگراموں کیلئے استعمال ہوگا بلکہ ضلع بھرکے دیگر ادارے بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈی سی او قصور محمد شاہد کے زیر صدارت ڈی پی ایس بورڈ آف گورنر کا اجلاس ہوا ۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نو تعمیر شدہ سر سید ہال کو تعلیمی مقاصد کیلئے کرایہ پر دیا جائیگا اور اس سے حاصل ہونیوالی آمدنی سکول ہذا کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال ہوگی ۔ اس کے علاوہ اجلاس یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈی پی ایس سکول کے دوران سروس وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کی فیس میں50فیصد تک رعایت دی جائیگی ۔