بلاتفریق احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے۔چیئرمین آفاق احمد

داخلی و خارجی پالیسی ناکام ،بجٹ کا 65فیصد قرضوں کی بھینٹ چڑھ رہا ہے،چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کمیشن سے انکار کرکے پوری قوم کے دل جیت لئے

جمعہ 13 مئی 2016 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ احتساب ہے جس سے حکمرانوں کا فرار ملک و قوم پر خود کش حملہ کے متراد ف ہوگا ،حکمران اور کم عقل سیاسی لوگ ملک اور قوم کو سیاست کے نام پر سازش کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں ۔اپنی رہائش گاہ پر وکلاء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ اب حکمرانوں کے پاس اسکے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ عوام کی آواز سنیں اور احتساب کیلئے راستے کھولیں ورنہ اب جو کچھ ہوگا وہ حکمرانوں اور نااہل سیاست دانوں کیلئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا۔

آفاق احمد نے کہا کہ حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں،داخلی و خارجی پالیسی ناکام ہوچکی ہے ،ملک کے مجموعی بجٹ میں سے 65فیصد قرضوں کی ادائیگی میں خرچ ہورہا ہے اسکے باوجود معاشی پالیسی ساز ادارے، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سب ہی چپ سادھے ہوئے ہیں،ایسی صورتحال میں عوام پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ جرائم اور کرپشن کب تک ساتھ ساتھ چلتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس پر کمیشن کے حوالے سے چیف جسٹس کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ کسی کمیشن یا کمیٹی کی پاکستان میں کوئی وقعت ہی نہیں ہوتی اس لئے کسی ٹی او آرز کے ہونے یا نہ ہونے سے فرق ہی نہیں پڑتا ،چیف جسٹس نے کمیشن سے انکار کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں کیونکہ سیاسی بیان بازی ایک طرف عوام میں خدشات تھے کہ حکومت کمیشن کی آڑ میں راہ فرار اختیار کررہی ہے جس میں اسکی معاونت دیگر سیاسی جماعتیں کررہی ہیں کیونکہ آف شور کمپنیوں کے گناہ میں سب ہی جماعتوں کے اراکین شریک ہیں،عوام کے یہ خدشات چیف جسٹس کے ریمارکس نے درست ثابت کردیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاتفریق احتساب قوم کی خواہش ہے ،قوم کی اس خواہش کو پوراکرنے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے۔