سانحہ 12 مئی ملکی تاریخ کا پہلا سانحہ ہے جسے پوری دنیا نے کیمرے کی آنکھ سے براہ راست دیکھا ،سنیٹرشاہی سید

ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کو سزا دینی ہوگی،12 مئی کے کرداروں پر ملک کی زمین تنگ ہوچکی ہے،صدر اے این پی سندھ

جمعہ 13 مئی 2016 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) عوامی نیشنل پا رٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی ملکی تاریخ کا پہلا سانحہ ہے جسے پوری دنیا نے کیمرے کی آنکھ سے براہ راست دیکھا ،بے شک اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آوا زہے سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کی صفوں میں انتشار برپا ہوچکا ہے،ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے سانحہ 12مئی کے ذمہ داران کو سزا دینی ہوگی، 12 مئی کو میرے پیاروں کے خون سے شارع فیصل کو رنگین کرنے والے دونوں کرداروں پر ملک کی زمین تنگ ہوچکی ہے ،ایک گمنا م اور دوسرا جھوٹی میڈیکل رپورٹ پر ملک سے بھاگ چکا ہے ،افسوس کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں سے چیف تو بحال ہوگیا مگر جسٹس بحال نہیں ہوسکا ، ایف ٹی سی سے بلوچ کالونی اور کالا بورڈ سے ملیر ہالٹ تک خون کی ہولی کھیلنے والے نا معلوموں کو اب تک سزا کیوں نہیں دی گئی،میں کراچی آپریشن کرنے والوں سے سوال کرتا ہوں کہ اپنے 24 شہیدوں کے ورثاء کو کیا جواب دوں کہ ان کے پیاروں کے قاتل اب تک کیوں گرفتار نہ ہوسکے،آمریت کے خاتمے، جمہوریت کے قیام، قانون کی بالا دستی او ر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں اے این پی نے دی ہیں،سب سے پہلے شہر میں بلا تفریق آپریشن کا مطالبہ ہم نے کیا ،آج بھی ہم آپریشن کی بھر پور حمایت کرتے ہیں مگرسانحہ 12 مئی کے ذمہ داران کی عدم گرفتاری کراچی آپریشن پر سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے ،12مئی 2007 کو ایف ٹی سی سے ملیر 15 تک شارع فیصل پر کھیلی جانے والی خون کی ہولی کو پوری دنیا نے براہ راست دیکھا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز سے متصل گراؤنڈ میں سانحہ 12مئی کے شہداء کی نویں برسی کے موقع پر تعزیتی جلسے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مذید کہا ہے کہ آج کے روز سانحہ 12 مئی کے ذمہ داروں کی کیفیت یزیدی لشکر جیسی ہے اور یہ حالت روز قیامت تک ایسی ہی رہے گی،سانحہ 12مئی وہ سانحہ ہے جس میں گواہوں کی خاص ضرورت نہیں کیونکہ سارا واقعہ کیمرے کی آنکھ سے پوری دنیا نے دیکھاہے،کئی برس سے جاری آپریشن میں بکری چوری کرنے والا تک پکڑا گیا مگر سانحہ 12 مئی کے ذمہ داران کا کوئی پتہ نہیں،ہم امید کرتے ہیں کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جسطرح دیگر معاملات پرانکوائری کا حکم دیا ہے اسی طرح سانحہ 12مئی کی بھی تحقیقات کرائیں گے،سانحہ 12مئی کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے،سانحہ 12مئی کے شہدا ء نے ملک میں قانون کی بالا دستی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

ہم محترم چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ ہائی کورٹ میں زیر التواء سانحہ 12مئی کے کیس کو دوبارہ اوپن کیا جائے،جلسے سے پہلے شہدائے 12مئی کے ایصال ثواب کے لیے قر آن خوانی کا نعقاد کیا گیاجس کے بعد شہداء کے ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی ،تعزیتی جلسے سے عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی نائب صدر کاملہ خان ،صوبائی قائم مقام جنرل سیکریٹری الطاف خان ایڈووکیٹ ،سیکریٹری اطلاعات حمید اللہ خٹک ،مرکزی رہنماء رانا گل آفریدی اور صوبائی نائب صدر حاجی اورنگزیب بونیری ،ویسٹ کے ضلعی آرگنائزر عثمانی غنی ،ضلع صدور عبدالقیوم سالارزئی ،فہیم جان ،حنیف اللہ بونیری اور سعید افغان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 مئی کا دن عوامی نیشنل پارٹی،عدلیہ اور جمہوریت کے لیے انتہائی اہم ہے ،آج کے دن 12 مئی کے شہداء نے عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی ،شہدائے بارہ مئی کے ورثاء کو آج تک انصاف نہیں ملا، جلسے سے کراچی کی پختون آبادیوں میں پانی کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ،نادر اور پاسپورٹ آفس کی انتظامیہ کی زیادتیوں کے خلاف قرار دادیں بھی پاس کی گئیں ،جلسے میں پاکستان تحریک انصاف یوسی نمبر نو اسلامیہ کالونی کے مکمل بلدیاتی پینل نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہوکر عمر خان کی سربراہی میں درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ،

متعلقہ عنوان :