وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ائیر چیف مارشل سہیل امان کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، بلوچستان کے نوجوانوں کی پاک فضائیہ میں بھرتی اور فنی تربیت کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی

جمعہ 13 مئی 2016 22:32

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء ) ٌ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ائیر چیف مارشل سہیل امان نے جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی پاک فضائیہ میں بھرتی اور انہیں فنی تربیت کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ائیر چیف مارشل نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس بلوچستان کے نوجوان طلبہ و طالبات کو بحیثیت جی ڈی پائلٹ اور دیگر شعبوں میں بھرتی کے بھرپور مواقعوں کی فراہمی کے لیے تیار ہے اور انہیں تعلیمی قابلیت اور عمر کی حد میں خصوصی رعایت بھی دی جا رہی ہے، تاکہ بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان ائیر فورس میں باعزت اور باوقار روزگار حاصل کر سکیں، انہوں نے کہا کہ ائیر فورس میں زیر تربیت بلوچستان کے نوجوان ہر شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو ان کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کا مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ائیرفورس میں بھرتی کے لیے خصوصی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے جبکہ ان کے لیے پاک فضائیہ کی تنصیبات اور اداروں کے دوروں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے، تاکہ ان میں پاک فضائیہ میں شمولیت کا شوق اور جذبہ پیدا ہو سکے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ بلوچستان کے ووکیشنل ٹریننگ مراکز میں صوبے کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کی فراہمی اور یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ائیر فورس میں روزگار کی فراہمی کے لیے بھی تیار ہے، ائیر چیف مارشل نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ سمنگلی ائیر بیس میں پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ افسران کے سرگودھین ٹرسٹ کے زیراہتمام پبلک سکول کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کے لیے حکومت بلوچستان نے اراضی فراہم کرنی ہے، بعد ازاں اس سکول کو کالج کا درجہ دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پاک فضائیہ کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو بھرتی کے خصوصی مواقعوں کی فراہمی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ائیرچیف مارشل کا شکریہ ادا کیا ، وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت کی جانب سے پاک فضائیہ کے زیر انتظام قائم ہونے والے پبلک سکول کے لیے اراضی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر کے ملک و قوم کے لیے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ کے فضل اور حکومتی اقدامات کی بدولت صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جس کے مثبت اثرات تعلیم سمیت ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہو رہے ہیں، صوبائی حکومت شعبہ تعلیم کی ترقی بالخصوص بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے، دیہاتوں اور گاؤں میں بچیوں کے پرائمری اور مڈل سکول قائم کئے جا رہے ہیں، جبکہ والدین میں بھی بچیوں کو تعلیم دلانے کا شعور اجاگر ہوا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ہنر مند افرادی قوت کی دستیابی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے اس حوالے سے پاک فضائیہ کی معاونت کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ میں پاک فوج کے اشتراک سے نسٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کے لیے اراضی پاک فوج نے فراہم کی ہے اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف جلد اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے جو شعبہ تعلیم کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، اس موقع پر ائیرچیف مارشل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو جے ایف 17تھنڈر جہاز کا ماڈل پیش کیا جبکہ وزیراعلیٰ نے انہیں سوینئر اور روایتی قالین کا تحفہ پیش کیا۔