سوات کی عدالت نے اپنی بیوی کی ناک کاٹنے والے پولیس اہلکار صاحبزادہ کو پانچ سال اور نوماہ قید کی سزا سنادی

جمعہ 13 مئی 2016 22:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) ضلع سوات کی ایک عدالت نے اپنی بیوی کی ناک کاٹنے والے پولیس اہلکار صاحبزادہ کو پانچ سال اور نوماہ قید کی سزا سنائی ہے۔متاثرہ لڑکی شاہدہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد وہ زندگی سے مایوس ہوگئی تھیں تاہم عدالتی فیصلے سے انھیں نئی زندگی ملی ہے۔ شاہدہ کا کہنا ہے کہ رشتہ داروں سمیت علاقے کی خواتین انھیں مبارکباد دینے کے لیے آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مقدمے کے وکیل سہیل سلطان نے بتایا کہ 20 ماہ قبل تحصیل کبل کے علاقے منجہ میں ایک پولیس اہلکار صاحبزادہ نے غیرت کے نام پر بیوی کی ناک کاٹ دی تھی۔تحصیل کبل کے ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے فیصلے میں تاخیر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے واردات کے بعد نہ صرف ثبوت غائب کیے بلکہ گواہوں کو بھی ڈراتا دھمکاتا تھا جس کی وجہ سے کوئی گواہی دینے کے لیے بھی عدالت میں پیش نہیں ہو رہا تھا۔سوات میں کم عمری میں لڑکیوں کی شادی کے خلاف کام کرنے والی حدیقہ بشیر نے بی بی سی کو بتایا کہ کم عمری کی شادی ایک اذیت ناک حادثے سے کم نہیں ہوتی۔انھوں نے عدالت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب کوئی بھی عورتوں پر تشدد اور ان کے اعضا کاٹنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔

متعلقہ عنوان :