اسلام آباد ہائی کورٹ ، افتخار چوہدری بلٹ پروف گاڑی کیس میں حکم نا مہ کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری

جمعہ 13 مئی 2016 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہمی کے حکم نامے کو کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو گاڑی فراہم کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جن اپیل کنندگان کے خلاف آرڈر پاس کیا گیا وہ فریقین کی فہرست میں ہی نہیں تھے۔

(جاری ہے)

کابینہ ڈویژن اور وزارت قانون کو کیس کی سماعت کے دوران فریق بنا کر موقف سننا چاہیے تھا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرنے کی بجائے محض ہدایات جاری کی گئیں ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے ریلیف فرہام کرتے وقت کسی قانون کا حوالہ نہیں دیا۔ واضح رہے کہ سنگل بنچ نے سابقچیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکلاء کی درخواست پر تین جنوری 2014 ء کو فیصلہ کاری کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر سابق چیف جسٹس کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔