چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر سے آل پارٹیز کانفرنس کے نمائندگان کی ملاقات

آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی فہرستوں کے معاملات پر غور کیا گیا

جمعہ 13 مئی 2016 18:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء) چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر سے جمعہ کے روزآل پارٹیز کانفرنس کے نمائندگان کی ایک تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں آئندہ عام انتخابات 2016ء کے لئے انتخابی فہرستوں کے معاملات کو زیرِ غورلایا گیا ۔آل پارٹیز کانفرنس کے نمائندگان نے نئی انتخابی فہرستوں کی تیاری کے اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آزاد جموں وکشمیر کی انتخابی فہرستوں کے حوالہ سے کلیمز و اعتراضات کے لئے مزید وقت دیا جائے۔

لہٰذا چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر نے آزاد جموں وکشمیر کے 29مقامی انتخابی حلقہ جات کی انتخابی فہرستوں کے سلسلہ میں اعتراضات اور کلیمز کے لئے پہلے سے دیئے جانے والے وقت مورخہ 09-05-2016تا 16-05-2016میں مزید چار ایام کا اضافہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اب لوگ ریوائزنگ اتھارٹیز کے پاس مورخہ20مئی 2016ء تک اعتراضات و کلیمز داخل کروا سکیں گے۔اس نسبت ترمیمی شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مطابق ترمیمی شیڈول کلیمز و اعتراضات کی سماعت و فیصلہ جات مورخہ 21-05-2016 تا 22-05-2016 ہوں گے۔جبکہ حتمی انتخابی فہرست کی اشاعت مورخہ 30-05-2016 کو ہوگی۔جہاں تک مہاجرین کے انتخابی حلقوں کی انتخابی فہرستوں کے معاملات کا تعلق ہے تو میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہاجرین کی فہرستوں کے معاملات کو بھی قانون کے دائرہ کے اندر رہتے ہوئے یکسو کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر نے آل پارٹیز کانفرنس کے نمائندگان کو یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور جائز فیصلہ جات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور الیکشن کمیشن آنے والے عام انتخابات کو صاف و شفاف ، آزاد انہ اور منصفانہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے گا۔