مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء کے خلاف آپریشن

خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ صحت کے فوڈ انسپکٹر ز کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا

جمعہ 13 مئی 2016 18:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مئی۔2016ء)خیبر پختونخوا حکومت نے مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء کے خلاف آپریشن میں محکمہ صحت کے فوڈ انسپکٹروں کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا ہے اور کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ایک مہینے کی مہلت دی ہے ۔ناکامی کی صورت میں محکمہ صحت کی سینٹری و فوڈ انسپکٹروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ ایک ضلع میں عرصہ دراز سے تعینات فوڈ انسپکٹروں کو بھی تبدیل کیا جا رہاہے ۔

(جاری ہے)

جن کے خلاف شکایات وزیر اعلیٰ شکایتی سنٹر کو موصول ہو چکے ہیں ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے ڈسٹرکٹ فوڈ انسپکٹروں ، تحصیل فوڈ ا نسپکٹروں کی کارکردگی کی رپورٹ صوبائی حکومت نے طلب کی ہے اوراس بناء کی روشنی میں ڈسٹرکٹ فوڈ انسپکٹروں اور تحصیل فوڈ انسپکٹروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی ضلعی محکمہ صحت کے فوڈ انسپکٹروں کی کارکردگی پر صوبائی حکومت کی جانب سے عدم اعتمادکا اظہار کیا گیا ہے ۔