نیئر حسین بخاری نے عبوری ضمانت کے بعد مقدمے کی تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

جمعہ 13 مئی 2016 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مئی۔2016ء) سابق چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے عبوری ضمانت کے بعد مقدمے کی تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکار پر تشدد کیس میں نیئر حسین بخاری عدالت سے عبوری ضمانت کرانے کے بعد اب تھانہ مارگلہ میں جا کر شامل تفتیش ہونے سے انکاری ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ نیئر حسین بخاری اور انکے بیٹے کو پولیس حکام کی جانب سے بار بار طلب کیا جا رہا ہے مگر وہ مقدمے کی تفتیش میں شامل نہیں ہورہے ہیں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیئر حسین بخاری اور انکے بیٹے کومقدمے میں شامل تفتیش ہونے کیلئے متعدد بار طلب کیا گیا تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے رضامندگی کا اظہار نہیں کیا ۔

یاد رہے کہ نیئر حسین بخاری نے عدالت میں داخلے کے وقت روکے جانے پر سکیورٹی اہلکار کو تھپڑ مارا تھا جس کے بعد ان پر تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کر کے گرفتارکرنے کا حکم دیا گیا تھا تاہم نیئر حسین بخاری نے 6مئی کو عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی اور عدالت نے پولیس حکام کو ہدایت کی تھی کہ معاملے کی تفتیش رپورٹ 16مئی تک مکمل کرکے عدالت میں جمع کرائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :