اپوزیشن پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہے، ان کا مقصد کرپشن کو روکنا اور احتساب ہے تو ہمارے ساتھ چلیں،سینیٹر عبدالقیوم

جمعہ 13 مئی 2016 12:54

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ پر اپوزیشن کی سیاست اپنی موت آپ مر جائے گی‘ وزیراعظم دو تہائی اکثریت سے حکومت کر رہے ہیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پانامہ پیپرز پر سیاست کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کے لوگوں کے نام بھی شامل ہیں اگر ان کا مقصد کرپشن کو روکنا اور احتساب کرنا ہے تو ہمارے ساتھ چلیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایوان میں آکر اپوزیشن کا جواب دیں پھر بھی اپوزیشن کے مسائل اپنے طور پر کھڑے رہیں گے۔ اگر جوڈیشل کمیشن میں جانا ہے تو پھر وہاں جواب دیا جائے گا۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ اپوزیشن نے معاشی ترقی کو متاثر کیا ہوا ہے لیکن ملک چل رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا حق ہے لیکن جمہوری روایات کے تحت بات کی جائے تو بہتر ہے۔