بلا امتیاز احتساب قومی نعرہ بن چکا ،ملک کے عوام کرپٹ مافیا کواب بھاگنے نہیں دیں گے،حاجی طارق محمود

جمعرات 12 مئی 2016 22:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 مئی۔2016ء )پاکستان سُنّی تحریک تحصیل ٹیکسلا کے صدرحاجی طارق محمودقادری نے کہاہے کہ بلا امتیاز احتساب قومی نعرہ بن چکا ہے،ملک کے عوام کرپٹ مافیا کواب بھاگنے نہیں دیں گے ،انھیں عوام کی میں عدالت میں جواب دیناہی ہوگا،حکمرانوں کی ذاتی عیاشیوں کے سبب آئندہ آنے والی نسلیں بھی مقروض ہو چکی ہیں،کرپشن کے خاتمے تک پُرامن،مستحکم اور محفوظ پاکستان کاخواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا،جو ارکان پارلیمنٹ آئین کے آرٹیکل62اور63پرپورانہیں اترتے انھیں اب فارغ ہونا چاہئے،ان خیالات کااظہارانہوں نے سنی تحریک کے زیراہتمام 26مئی کومنعقدہونیوالی روشن پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انکاکہناتھاکہ کاغذی منصوبوں سے عوام کی تقدیر نہیں بدلی جاسکتی،حکومت تین سال گزرجانے کے باوجود انرجی بحران پر قابو نہیں پاسکی،ملک میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی ہوشرباء اضافہ ہوگیا ہے،محض پل اور سڑکیں بنانے سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف حاصل نہیں ہوگا،مہنگائی کاخاتمہ،بجلی وگیس سمیت اشیائے خوردونوش کی سستی قیمت میں فراہمی کویقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہونا چاہئے۔